پٹنہ،7 جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار میں شراب بندی کی مہم کی تعریف کیا کر دی، اب بہار حکومت نے اس معاملے پر انسانی زنجیر کی راہ دوگنی کر دی ہے۔نتیش کمار نے گزشتہ ماہ پوری ریاست میں 5000کلومیٹر میں شراب مکت بہار کی حمایت میں انسانی زنجیر کا اعلان کیا تھالیکن اب ریاستی حکومت کا اندازہ ہے کہ ایک کلومیٹر میں 2000سے زیادہ آدمی کھڑے نہیں رہ سکتے اس لئے اب یہ انسانی زنجیر قریب 11ہزار کلومیٹر سے زیادہ میں پھیلی ہوگی۔اس سلسلے میں ریاست کے چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ 21جنوری کی اس تقریب میں دنیا میں سب سے طویل زنجیر ہو گی،اگرچہ یہ ریاستی حکومت منعقد کر رہی ہے لیکن عام لوگوں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے پنچایتوں کو بھی ذمہ داری دی جا رہی ہے۔